حید رآ باد : حکومت تلنگانہ کے محکمہ اقلیتی بہبود نے اقلیتی طلبہ کیلئے 25 کروڑ روپئے کے پری میٹرک اسکالرشپس برائے سال 2015-16 ء جاری کئے ہیں۔ اس ضمن میں پرنسپل سکریٹری ٹو گورنمنٹ سید عمر جلیل کی دستخط سے آج رات دیر گئے باضابطہ سرکاری حکمنامہ جاری کیا گیا ۔ حکومت ہند بھی اقلیتوں کیلئے پری میٹرک اسکالرشپس اسکیم پر عمل آوری کر رہی ہے۔ کے جی تا پانچویں جماعت میں زیر تعلیم اقلیتی طلبہ کو 5000 روپئے اور چھٹویں تا دسویں جماعت 6000 ہزار روپئے سالانہ جاری
کئے جاتے ہیں۔ تاہم گزشتہ سال ریاست میں صرف 1.76 لاکھ اقلیتی طلبہ کو ہی اسکالرشپس دیئے جاسکے اور دیگر ہزاروں مستحق طلبہ محروم رہے تھے چنانچہ حکومت ہند کی طرف سے اسکالرشپس کی منظوری کے بعد ماباقی محروم طلبہ کو اسکالرشپس دینے کیلئے حکومت تلنگانہ نے 25 کروڑ روپئے کی منظوری کا فیصلہ کی ہے۔ تلنگانہ اسٹیٹ مینارٹیز فینانس کارپوریشن کے نائب صدر نشین و مینجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پری میٹرک اسکالرشپس سے محروم مستحق طلبہ کو اس اسکیم سے استفادہ کا موقع فراہم کرنے کیلئے ضروری اقدامات کریں۔